ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نوجوانوں میں کینسر کا بڑھتا خطرہ، نئی تحقیق میں اہم وجہ سامنے آگئی

نوجوانوں میں کینسر کا بڑھتا خطرہ، نئی تحقیق میں اہم وجہ سامنے آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے بڑھتے کیسز نے ماہرین کی توجہ حاصل کرلی ہے، نئی تحقیق میں جسم کی حیاتیاتی عمر تیزی سے بڑھنے کو اس رجحان کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔

واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن میں ہونے والی تحقیق کے نتائج طبی جریدے نیچر میڈیسن میں شائع ہوئے ہیں۔ محققین نے نوجوان افراد میں کینسر کے بڑھتے کیسز اور جسمانی عمر بڑھنے کے عمل کے درمیان ممکنہ تعلق کا جائزہ لیا۔

ماہرین کے مطابق انسان کی عمر صرف تاریخ پیدائش سے متعین نہیں ہوتی۔ تاریخ پیدائش کے حساب سے عمر کو زمانی عمر کہا جاتا ہے، جبکہ خلیات، اعضا، میٹابولزم اور جسم کے دیگر نظاموں کی حالت سے ظاہر ہونے والی عمر حیاتیاتی عمر کہلاتی ہے۔

تحقیق میں ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا اور نتائج کا موازنہ تقریباً 10 ہزار افراد پر مشتمل ایک دوسرے گروپ سے کیا گیا نتائج کے مطابق 1990 سے 1999 کے دوران پیدا ہونے والے افراد میں حیاتیاتی عمر بڑھنے کی شرح 1965 سے 1969 کے دوران پیدا ہونے والوں کے مقابلے میں 92 فیصد زیادہ پائی گئی۔

محققین کے مطابق حیاتیاتی عمر میں تیزی سے اضافے کے ساتھ کم عمری میں کینسر کا خطرہ تقریباً 8 فیصد تک بڑھ سکتا ہے، جبکہ یہ تعلق پھیپھڑوں اور نظام ہاضمہ سے متعلق بعض اقسام کے کینسر میں زیادہ نمایاں دیکھا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جینیاتی عوامل کے ساتھ طرز زندگی، جسمانی وزن، غذائی عادات اور دیگر ماحولیاتی عوامل بھی حیاتیاتی عمر پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ زیادہ جسمانی وزن، الکحل کا استعمال، طویل وقت تک بیٹھے رہنا اور غیر صحت بخش غذا مختلف بیماریوں اور بعض اقسام کے کینسر کے خطرے میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

تاہم محققین نے واضح کیا کہ حیاتیاتی عمر کے تیزی سے بڑھنے اور نوجوانوں میں کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق کو سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ موجودہ نتائج کسی ایک عامل کو کم عمری کے کینسر کی حتمی وجہ قرار نہیں دیتے۔