بابر شہزاد ترک: وفاقی حکومت نے 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے لیے گریڈ 21 اور 22 کے 4 بیوروکریٹس اور ٹیکنوکریٹس کی نامزدگیاں طلب کرلی ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کو موزوں افسران کے نام بھجوانے کی ہدایت کردی ہے۔ 17 اگست 2026 کے آفس میمورنڈم کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد ہر سال 5 ہفتوں پر مشتمل نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کا انعقاد کرتی ہے۔
ورکشاپ میں ارکان پارلیمنٹ، اعلیٰ سرکاری افسران، سفارت کار، سینئر سول و عسکری افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوتے ہیں۔ اس کا مقصد مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ قیادت کو پاکستان کی قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
مذکورہ میمو کے مطابق 28ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ 2 نومبر سے 4 دسمبر 2026 تک منعقد ہوگی، جس کے لیے این ڈی یو نے بی ایس 21 اور بی ایس 22 کے 4 بیوروکریٹس یا ٹیکنوکریٹس کی نامزدگیاں طلب کی ہیں، جبکہ 50 فیصد ریزرو بھی رکھا جائے گا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق وہ افسران جنہوں نے پہلے کسی نیشنل سکیورٹی ورکشاپ میں شرکت کی ہو، انہیں دوبارہ نامزد نہیں کیا جاسکے گا۔
میمو میں ہدایت کی گئی ہے کہ موزوں افسران کی رضامندی حاصل کرنے کے بعد ان کی نامزدگیاں مقررہ فارمیٹ میں مطلوبہ کوائف کے ساتھ 21 اگست 2026 تک ارسال کی جائیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اپنے میمو میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 31 جولائی 2026 کے خط نمبر 211/KC&PP/NDU/28th NSW کا بھی حوالہ دیا ہے۔