فاران یامین:لاہور میں گرمی کا راج برقرار ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہریوں کو گرمی اور گھٹن کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری جبکہ کم سے کم 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہواؤں کی رفتار انتہائی کم، صرف 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں، موسم دن بھر خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کے اعتبار سے لاہور ملک بھر میں ساتویں نمبر پر ہے، شہر میں فضائی آلودگی کی شرح 174 اے کیو آئی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا،وفاقی دارالحکومت میں پارہ گزشتہ روز کی نسبت 2 ڈگری بڑھ گیا صبح سویرے درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج پارہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری رہنے کا امکان ہے، کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بارکھان، موسیٰ خیل، زیارت، ہرنائی، ژوب، شیرانی اور خضدار میں ہلکی بارش کا امکان ہے،بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آج مطلع جزوی اور موسم خشک رہے گا، شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
صوبے کے بیشتر میدانی اضلاع میں دن کے اوقات موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم نوشہرہ، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ اور مہمند میں ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔
دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، خیبر، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔