طاہر جمیل: پنجاب میں پانی، صفائی اور ماحولیات کے شعبوں میں تحقیق اور جدید نظام کو فروغ دینے کے لیے پہلی بین الاقوامی سسٹین ایبل، سمارٹ اینڈ کلائمیٹ ریزیلینٹ واٹر سسٹمز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس مارچ 2027 میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس کا انعقاد پنجاب واسا، الجزاری واٹر اکیڈمی، یونیسیف، ویلٹ ہنگر ہائی لائف اور دیگر ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے اشتراک سے کیا جائے گا۔
کانفرنس میں غیرملکی محققین اور ماہرین خصوصی شرکت کریں گے، جبکہ متعلقہ سرکاری و نجی اداروں، تعلیمی اداروں، این جی اوز، ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق کانفرنس میں واٹر سپلائی، سینی ٹیشن، ماحولیات، واٹر گورننس اور پبلک ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ موضوعات پر مختلف سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ ملکی و غیر ملکی محققین اپنے تحقیقی مقالے بھی پیش کریں گے۔
تحقیقی مقالے جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب اور الجزاری واٹر اکیڈمی کی جانب سے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سیکٹر سے تعلق رکھنے والے ماہرین پر مشتمل خصوصی پینل تحقیقی مقالوں کا جائزہ لے گا۔
ترجمان کے مطابق کانفرنس کے بعد ایک جامع تحقیقی جریدہ بھی شائع کیا جائے گا۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد واٹر، سینی ٹیشن، ماحولیات اور متعلقہ شعبوں میں تحقیق کو فروغ دینا اور پنجاب میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن سیکٹر کی بامعنی توسیع میں معاونت فراہم کرنا ہے۔