ویب ڈیسک: گھر سے اغوا ہونے والی لڑکی نےاغواکاروں میں سے ایک سے شادی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ایک گاؤں میں نوجوان لڑکی کے اغوا کا انوکھا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی منظر عام پر آگئیں، فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی گھر سے بھاگتے ہوئے نکلتی ہے جس کے پیچھے آنے والا نوجوان اسے زبردستی کار میں بٹھاتا ہے اور چاروں نقاب پوش اغوا کار لڑکی کو لیکر فرار ہوجاتے ہیں۔لڑکی کے والد نے کار کے پیچھے دوڑ بھی لگائی لیکن وہ بے سود ثابت ہوئی۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، تاہم اغوا کے بارہ گھنٹے بعد ہی ایک ویڈیو میں لڑکی نے اغواکاروں میں سے ایک سے شادی کرنے کا بتا کر سب کو حیران کردیا۔ویڈیو میں لڑکی کا کہنا تھا کہ جب مجھے زبردستی کار میں بٹھایا گیا تو مجھے نہیں معلوم تھا کہ ان میں میرا بوائے فرینڈ بھی ہے۔ جیسے ہی اس نے نقاب اتارا تو مجھے معلوم ہوا۔
لڑکی نے کہا کہ میرے والد اس شادی پر راضی نہیں تھے وہ ذات اور برادری سے باہر شادی نہیں کرنا چاہتے تھے، مجھے اغوا کے بارے پہلے سے نہیں پتہ تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے لباس، جیولری وغیرہ سے لگتا ہے کہ تیاری پہلے سے کی گئی تھی۔