طلحہ اشرف:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے روزمرہ استعمال کی اشیا، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات میں مزید اضافہ ہوگا۔
شہریوں نے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے پہلے سے موجود دباؤ میں اضافے سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف گھریلو بجٹ پر دباؤ کم ہوگا بلکہ مہنگائی کے اثرات کو بھی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، جس کے بعد پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمتیں مقرر کردی گئی ہیں۔
پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 384 روپے 34 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 415 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔