سٹی 42: پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے مرحلے کے پہلے روز مارخور آئی ٹی سلوشنز کے محمد فاروق نے 99 گیندوں پر 163 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 14 چھکے لگائے، جبکہ ان کے ساتھ عتیق الرحمٰن اور سلمان خان جونیئر نے بھی سنچریاں اسکور کیں۔
راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں مارخور آئی ٹی سلوشنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔ اوپنر محمد فاروق اور حسنین ندیم نے 21.5 اوورز میں 133 رنز کی شراکت قائم کی۔ حسنین ندیم نے 76 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔
محمد فاروق نے صرف 67 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور اپنی اننگز میں 11 چوکے اور 14 چھکے لگائے۔ وہ فرسٹ کلاس اننگز میں کسی پاکستانی بیٹر کی جانب سے سب سے زیادہ چھکوں کا مجید خان کا ریکارڈ بھی توڑ گئے۔ یہ ان کی تیسری فرسٹ کلاس سنچری اور مسلسل دوسری سنچری ہے۔
فاروق کے آؤٹ ہونے کے بعد عتیق الرحمٰن نے 137 گیندوں پر 142 رنز جبکہ سلمان خان جونیئر نے 199 گیندوں پر ناقابل شکست 106 رنز بنائے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 217 رنز کی شراکت قائم کی۔ عتیق الرحمٰن کی یہ دوسری اور سلمان خان جونیئر کی پانچویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔
مارخور آئی ٹی سلوشنز نے پہلے روز 87.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنائے۔
اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں غنی نے سُوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو 152 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دن کے اختتام تک دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے۔
غنی کے شعیب اختر جونیئر نے 12.5 اوورز میں 34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ خرم شہزاد نے 42 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شعیب اختر جونیئر نے عمیر بن یوسف کو ایک رن پر رن آؤٹ بھی کیا۔
جواب میں شرجیل خان نے 120 گیندوں پر 25 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 156 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ یہ ان کی 15ویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔ شرجیل نے خواجہ ارحم کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 186 رنز کی شراکت قائم کی۔ خواجہ ارحم 33 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں کنگز مین اکیڈمی کی ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان محمد طیب عارف نے 110 گیندوں پر 14 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے۔ یہ ان کی پہلی فرسٹ کلاس سنچری ہے۔
محمد طیب عارف نے صرف اپنا دوسرا فرسٹ کلاس میچ کھیلتے ہوئے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی اور 20 رنز کے مجموعے پر کریز سنبھالی۔ کنگز مین اکیڈمی نے 44 رنز کے اضافے پر 7 وکٹیں گنوائیں۔
او جی ڈی سی ایل کے فاسٹ بولر محمد عامر خان نے 13 اوورز میں 51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حسنین نے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عامر خان کی 28ویں فرسٹ کلاس میچ میں یہ پانچویں پانچ وکٹوں کی کارکردگی ہے او جی ڈی سی ایل نے دن کے اختتام تک 15 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 57 رنز بنا لیے۔
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاکستان ٹیلی ویژن کے خلاف پہلے روز 71 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنائے۔ اوپنر حسن رضا نے 75 جبکہ محمد غازی غوری نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ نمبر 7 کے بیٹر رمیز عزیز 42 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے موسیٰ خان اور عماد بٹ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف نے 18 اوورز میں 73 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔