رانا آزار: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں کرکٹ ڈویلپمنٹ ایکسیلنس ایوارڈ متعارف کرانے کا اعلان کردیا گیا، ایوارڈ جیتنے والی فرنچائز کو 2 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی جائے گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کرکٹ ڈویلپمنٹ ایکسیلنس ایوارڈ کا مقصد فرنچائزز کی جانب سے کرکٹ اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے پہلے ایوارڈ کے لیے پی ایس ایل کے تیسرے سے گیارہویں ایڈیشن تک فرنچائزز کی کرکٹ اور پلیئر ڈویلپمنٹ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ آئندہ سال سے گزشتہ ایک سال کی کارکردگی کو جانچا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ایوارڈ جیتنے والی فرنچائز کے انتخاب کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے گا۔ ابتدائی مرحلے میں فرنچائزز پی ایس ایل کی جانب سے تیار کردہ طریقہ کار کے تحت اپنی کارکردگی کی درجہ بندی خود کریں گی، جس کے بعد کمیٹی متعلقہ شواہد کی بنیاد پر اسکورز کی جانچ کرے گی جبکہ کمیٹی فرنچائزز کے پلیئر ڈویلپمنٹ اور کرکٹ ڈویلپمنٹ سے متعلق اقدامات اور منصوبوں کا 5 مختلف پیمانوں پر جائزہ لے گی۔
پلیئر پاتھ وے اور ڈویلپمنٹ پہلے پیمانے میں شامل ہوگا، جس کا مجموعی اسکور میں حصہ 25 فیصد ہوگا اسی طرح دوسرے پیمانے میں فرنچائز کے لیے کھیلنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور میچ میں ان کی خدمات کا جائزہ لیا جائے گا، جس کا حصہ 10 فیصد ہوگا جبکہ تیسرے پیمانے کے تحت ہائی پرفارمنس انفراسٹرکچر اور ڈویلپمنٹ میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو جانچا جائے گا، جس کا حصہ 15 فیصد ہوگا۔
چوتھے پیمانے میں گراس روٹ سطح پر سرگرمیوں کے علاوہ فرنچائزز کی جانب سے مردوں اور خواتین کی ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، جس کا حصہ 20 فیصد ہوگا جبکہ پانچویں پیمانے میں کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم سے متعلق اقدامات شامل ہوں گے، جس کا مجموعی اسکور میں حصہ 10 فیصد ہوگا۔
ایوارڈ کے مجموعی اسکور کا 80 فیصد ان پانچ پیمانوں کی بنیاد پر طے کیا جائے گا، جبکہ باقی 20 فیصد اسکور کا فیصلہ شائقین کی ووٹنگ کے ذریعے ہوگا۔