بابر شہزاد ترک: وفاقی حکومت نے بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں کے ساتھ پولیس سروس آف پاکستان کے ایک گریڈ 18 افسر کو 120 روز کے لیے معطل کردیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق اوگرا میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے ماجد محسن پنہوار کی خدمات حکومت گلگت بلتستان کے سپرد کردی گئی ہیں۔
پاکستان نیشنل کمیشن فار یونیسکو میں تعینات گریڈ 19 کے محمد اصغر کو تبدیل کرکے ان کی خدمات اوگرا کے سپرد کردی گئی ہیں۔ ان کی اوگرا میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ہوگی۔
پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 20 (ایکٹنگ چارج) کے محمد ہارون جوئیہ کے این سی سی آئی اے تبادلے کے احکامات تبدیل کرتے ہوئے ان کی خدمات نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سپرد کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان حکومت میں تعینات گریڈ 18 کے پولیس افسر محمد یوسف بھنگر کو فوری طور پر 120 روز کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق معطلی سول سرونٹس (ایفی شنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے رول 5 کے تحت کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے مواصلات ڈویژن کے اسپیشل سیکریٹری علی شیر محسود کو چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج بھی تفویض کردیا ہے۔
دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق مذہبی امور ڈویژن کے سیکشن افسر محمد عدنان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کردی گئی ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا کے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر شعبان علی کو تبدیل کرکے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خیبرپختونخوا ریجن میں ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے۔
خزانہ ڈویژن کی سیکشن افسر ڈاکٹر عائشہ نذیر کو تعلیمی رخصت پر بیرون ملک روانگی کے باعث او ایس ڈی مقرر کیا گیا ہے سیکشن افسر شہاب الدین کا داخلہ ڈویژن سے بحری امور ڈویژن کے پورٹس اینڈ شپنگ ونگ جبکہ سیکشن افسر فہد محمود مرزا کا آئی ٹی ڈویژن سے نجکاری ڈویژن تبادلہ کردیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر نور خدیجہ کو تبدیل کرکے 3 سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خیبرپختونخوا ریجن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا محکمہ صحت کے میڈیکل افسر ڈاکٹر فضل اکبر صافی کا تبادلہ کرکے انہیں ڈیپوٹیشن پر پولی کلینک ہسپتال میں میڈیکل افسر تعینات کردیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام تقرر و تبادلوں اور معطلی کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کردیئے ہیں۔