ویب ڈیسک : ایک شخص کا وزن جب 254 کلو گرام تک پہنچ گیا تو اس کی شخصیت اتنی تبدیل ہوگئی کہ وہ خود تصاویر میں اپنے آپ کو پہچاننے میں ناکام ہونے لگا۔
درحقیقت اسے تو یہ خدشہ لاحق ہوگیا تھا کہ جسمانی وزن میں کمی نہ لانے پر اس کی موت بھی ہوسکتی ہے۔
یہی امریکی ریاست جارجیا سے تعلق رکھنے والے ہنری گوانزلو نے خود کو بدلنے کا فیصلہ کیا۔
درحقیقت وہ اپنے جسمانی وزن میں 50 فیصد سے زیادہ کمی لانے میں کامیاب رہے اور ایسا کسی سرجری یا ادویات کے بغیر کیا۔
34 سالہ ہنری گوانزلو کی کمر کسی زمانے میں 62 انچ کی ہوگئی تھی اور روزانہ ہزاروں روپے فاسٹ فوڈ پر خرچ کر دیتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ 'مجھے لگنے لگا تھا کہ میں جوانی میں ہی مر جاؤں گا اور 30 سال کی عمر تک بھی نہیں پہنچ سکوں گا اور ایسا میرے اپنے طرز زندگی کی وجہ سے ہوگا'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'میں روزانہ اتنا کھانا آرڈر کرتا تھا جو 4 افراد کے خاندان کا پیٹ بھرنے کے لیے کافی ہوتا تھا اور زیادہ تر فاسٹ فوڈ کو کھاتا تھا'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'مگر جسمانی وزن بڑھنے کے باعث مجھے جوتے پہننے میں مشکلات کا سامنا ہوتا، کپڑے ملنا مشکل ہوگیا جبکہ کچھ وقت کے لیے کھڑا ہونا بھی بہت مشکل ہو جاتا تھا'۔
جسمانی وزن 254 کلو گرام تک پہنچنے کے باعث وہ ہائی بلڈ شوگر، ہائی بلڈ پریشر، جگر پر چربی چڑھنے، ہائی کولیسٹرول اور سینے میں تکلیف جیسے مسائل کا سامنا بھی کرنے لگے تھے۔
ان کے بقول 'مجھے لگ رہا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میں زیادہ سے زیادہ بھاری ہوتا جا رہا ہوں جبکہ کم از کم چلتا تھا، ہر وقت تھکاوٹ اور چڑچڑے پن کا شکار رہتا تھا'۔
پھر اپنی زندگی بدلنے کا فیصلہ کرنے کے بعد انہوں نے پہلے گیسٹرک بائی پاس سرجری کرانے کے بارے میں سوچا اور پھر قدرتی طریقے سے جسمانی وزن میں کمی لانے کا فیصلہ کیا۔
نومبر 2019 میں انہوں نے اس سفر کا آغاز کیا اور ایک ذاتی ٹرینر ڈھونڈا جس کے تیار کردہ پروگرام پر عملدرآمد کرکے وہ 6 برسوں میں 158 کلوگرام سے زیادہ وزن کم کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اب بھی اس پروگرام پر عمل کرتے ہیں۔
ان کے کمر کا سائز 60 سے گھٹ کر 34 ہوگیا ہے جبکہ جوتوں کا سائز بھی 12 سے کم ہو کر 10 ہوگیا۔
اب وہ زیادہ تر اپنے گھر کا کھانا ہی کھاتے ہیں جو کہ کافی سادہ ہوتا ہے جیسے چکن، مچھلی چاول اور سبزیوں کے ساتھ کھاتے ہیں۔
غذا میں پروٹین کا استعمال زیادہ کرتے ہیں اور لگ بھگ ایک جیسی ہی غذا کا استعمال 4 برسوں سے کر رہے ہیں۔
کھانے کے ساتھ ساتھ وہ ہفتے میں 4 دن وزن اٹھانے والی ورزش اور روزانہ 4 سے 6 میل چہل قدمی بھی کرتے ہیں۔
ہنری گوانزلو کے مطابق اب ان کی زندگی مکمل طور پر بدل چکی ہے اور کچھ بھی پہلے جیسا نہیں۔
ان کے مطابق اگر آپ چل سکتے ہیں تو آپ سرجری یا ادویات کے بغیر بھی جسمانی وزن میں بھی کمی لاسکتے ہیں۔