سٹی 42 : ترکیہ کے سفیر عرفان نزیروغلو نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ترکیہ سفیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطح روابط کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے قائم دوطرفہ ادارہ جاتی طریقۂ کار کے تحت ہونے والی پیش رفت سے اگاہ کیا۔ نائب وزیراعظم نے ترجیحی شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ، تاکہ آئندہ مشترکہ کمیشن اور اعلیٰ سطح اسٹریٹجک تعاون کونسل کے آٹھویں اجلاس کی تیاریوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ اس کے علاوہ دونوں جانب سے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔