ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پختونخوا میں سیلاب، بونیر میں قیامتِ صغریٰ، 110 جاں بحق

 پختونخوا میں سیلاب، بونیر میں قیامتِ صغریٰ، 110 جاں بحق

سٹی42:  پختونخوا میں سیلاب نے تباہی مچا دی، 4 اضلاع آفت زدہ قرار، 110 سے زائد جاں بحق،  بونیر میں اچانک آنے والے سیلاب سے  75 اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔
  
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں اب تک 110  افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ  کی تحصیل سالارزئی کے علاقے جبراڑئی میں گزشتہ رات آنے والے سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے، رابطہ سڑکیں اور پل پانی میں بہہ گئے۔


حکام کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 21 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 7 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ تین زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بٹگرام میں کلاؤڈ برسٹ 

مانسہرہ میں بھی کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے تباہی  کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ 
 ضلع مانسہرہ کے علاقے بٹگرام میں رات گئےکلاؤڈ برسٹ سے متعدد افراد ریلے میں بہہ گئے۔ بٹگرام میں 7  افراد جاں بحق اور شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ 

 علاقے میں کئی مکانات تباہ اور بڑی تعداد میں مال مویشی بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

پختونخوا میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات

پروونشل ڈیزاسٹر مینجنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے صوبے میں کلاؤڈ برسٹ، بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات بھی جاری کر دی ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے تصدیق کی ہے کہ  کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے خیبرپختونخوا میں اموات کی تعداد 110 سے زیادہ ہوگئی ہے، سب سے زیادہ نقصان ضلع بونیر میں ہوا۔

بونیر کے12 سے زیادہ دیہات کلاؤڈ برسٹ جیسی تباہ کن بارش سے متاثر ہوئے، بارش اور اس کے بعد  فلیش فلڈ کے باعث 60 سے زائد افراد  سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر حادثات میں زخمی ہوئے۔

 بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام آفت زدہ 

 بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ اضلاع قراردے دیا گیا ہے، متاثرہ اضلاع میں ریسکیو ٹیموں کی تعداد میں مذید اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، امدادی سرگرمیوں میں صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر بھی استعمال ہو رہاہے۔

بونیر میں 75 افراد جاں بحق ہوئے، عورتوں، بچوں کی اکثریت

  میڈیکل آفیسر پیر بابا اسپتال بونیر ڈاکٹر امتیاز  نے بتایا  کہ پیر بابا اور گردونواح میں اب تک 43 لاشیں لائی جا چکی ہیں، ان مرنے والوں میں  25 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔

ادھر ڈپٹی کمشنر بونیر نے تصدیق کی ہے کہ طوفانی بارشوں اور  آبی ریلوں سے 75 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 56 افراد کی لاشیں اسپتال پہنچائی جا چکی ہیں۔

ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ بونیر میں سیلاب میں بہہ کر متعدد افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے،  میں 12 کے قریب دیہات کلاؤڈ برسٹ سے شدید متاثر ہوئے ہیں، سیلاب کے باعث زمینی رابطے منقطع ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک نہیں پہنچ پا رہیں۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 18  افراد جاں بحق
آزاد کشمیر میں بھی کلاؤ برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد  سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی بارش کے بعد مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

آزاد کشمیر حکومت نے شدید بارشوں کے باعث دو روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کر دیئے ہیں۔