سٹی42: پاکستان کی صف اول کی ایک اور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بھی اپنے کئی ملین کنزیومرز کو اپنے میٹر کی ریڈنگ خود کرنے کی سہولت فراہم کر دی۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اپنے کئی ملین کنزیومرز کو نئی ایپلی کیشن کے ذریعہ اپنے میٹر کی ریڈنگ خود لینے کی سہولت دے کر اوور رینڈنگ کی شکایات کا مستقل خاتمہ کر دینے کی پہل کر لی ہے۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اوور ریڈنگ کی اصلی اور فرضی، تمام شکایتوں کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کرنے کے لئے ’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘‘ کی سہولت متعارف کروا دی۔
اب فیسکو کے کئی ملین کنزیومر " پاور اسمارٹ" ایپ اپنے موبائل فون پر استعمال کر کے اپنے بجلی کے میٹر سے اپنی ریڈنگ خود کریں گے، وہ فیسکو کو جو ریڈنگ بھیجیں گے، اسی کے مطابق فیسکو ان کا بل بنائے گی۔
اوور ریڈنگ کی اصل اور فرضی شکایات گرمیوں کے مہینوں مین بہت بڑھ جاتی رہی ہیں۔ بعض حساس شہریوں کو یہ شکایت رہتی ہے کہ الیکٹرک کمپنی کے اہلکار بجلی چوری کروا دیتے ہیں اور چوروں کو استعمال کروائی ہوئی بجلی کو بھی عام شہریوں کے بل میں ڈال کر اپنی چوری چھپاتے ہیں۔ بعض شہریوں کو اعتراض تھا کہ کمپنی کے اہلکار اپنے ریکوری اور لائن لاس کے ٹارگٹ پورے کرنے کے لئے ان کی میٹر ریڈنگ میں اپنی ضرورت کے مطابق اضافہ کر لیتے ہیں، بعض شہریوں کو یہ شکایت بھی رہی کہ میٹر ریڈنگ کیلئے مقرر تاریخ کی بجائے میٹر ریڈر کئی دن بعد ریڈنگ کرتے، اور ان کی استعمال کی ہوئی بجلی کی مقدار دو سو یونٹ کی حد سے بڑھوا دیتے رہے۔ اس عمل سے کچھ کنزیومرز کو گمان تھا کہ انہیں جان بوجھ کر پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے نکال کر اس کیٹیگری میں دھکا دیا جاتا ہے جس کا بل زیادہ آتا ہے۔
بجلی کے صارفین کی تمام شکایتوں اور وہموں کا ازالہ اب نئی ایپلی کیشن کو سسٹم کا حصہ بنا لینے سے ہو گیا ہے کہ اب کنزیومر خود مقررہ تاریخ پر بجلی کےمیٹر کی ریڈنگ کریں گے۔ فیسکو کا کہنا ہے کہ 50 لاکھ سے زائد بجلی صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ کمپنی کو یہ فائدہ ہو گا کہ اس کی مہنگی افرادی قوت کے گھر گھر جا کر میٹر ریڈنگ کرنے کی مشقت میں کمی آئے گی اور اس افرادی قوت کو کمپنی دوسرے کاموں میں استعمال کر سکے گی۔