اقبال قاسم کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس19 فروری کو ہوگا

اقبال قاسم کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس19 فروری کو ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حافظ شہباز علی) اقبال قاسم کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، اس حوالے سے کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کو اجلاس میں طلب کیا ہے۔

اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ  مصباح الحق کی کمیٹی سے علیحدگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرکٹ کمیٹی کی تشکیلِ نو کی گئی ہے، محسن حسن خان کے مستعفی ہونے کے بعد انہوں نے کمیٹی کی سربراہی سنبھالی مگر کسی بھی ادارے  کے چیف ایگزیکٹو کا ایسی کمیٹی کا سربراہ بننا کوئی خوش آئند امر نہیں ہوتا۔

وسیم خان نے کہاکہ اگر کمیٹی میں شامل چار سے پانچ افراد کا تعلق پی سی بی سے ہو تو وہ کمیٹی آزاد تصور نہیں کی جائے گی لہٰذا میں یہ فیصلہ کرچکا تھا کہ مجھے زیادہ دیر یہ عہدہ نہیں رکھنا، اب ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کمیٹی کے اجلاس کا انتظام کیا کریں گے اور میں وہاں بطور غیرفعال رکن کمیٹی اجلاس میں شرکت کروں گا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل2020کے آغاز سے ایک روز قبل منعقدہ اجلاس میں مصباح الحق شرکت کریں گے، اس دوران مصباح الحق کمیٹی کو قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کا عمل واضح کرنے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر بریفنگ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک پی سی بی ہارون رشید ڈومیسٹک کرکٹ پر خصوصی بریفنگ دیں گے جبکہ اس دوران اجلاس میں پی سی بی کو اینڈی اٹکنسن کی جانب سے فراہم کردہ رپورٹ پیش کی جائے گی جس کے بعد ملک میں پچز کے معیار میں بہتری لانے کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گی۔

وسیم خان نے کہاکہ کرکٹ کمیٹی ایک مشاورتی کمیٹی ہے، جس کی ذمہ داری چیئرمین پی سی بی کوکرکٹ معاملات پر پختہ سفارشات فراہم کرنا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی بھی ان سفارشات کو سنجیدگی سے لیں گے کیونکہ یہ کمیٹی تجربہ کار افراد پر مشتمل ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer