سٹی42: رہنے کو گھر چاہئے؟ ایک یورو میں مل رہا ہے، کیا خیال ہے؟ لیکن اس میں رہنے کے لئے آپ کو فرانس کے قصبے سینٹ ایمنڈ مونٹرونڈ جانا پڑے گا۔
یہ خبر سچ ہے کہ فرانس کے سینٹ ایمنڈ مونٹرونڈ نامی قصبے میں 828 اسکوائر فٹ رقبے کے گھر محض ایک یورو میں دستیاب ہے۔ وہاں کئی خالی گھر دستیاب ہیں۔ ان سب گھروں میں 2 سبیڈ روم ہیں جبکہ احاطہ اور ایک گیراج بھی موجود ہے۔
یہ کوئی اپریل فولز پرینک نہیں، دراصل اس قصبے کی آبادی کم ہوتے ہوتے اس وقت صرف نو ہزار افراد پر مشتمل رہ گئی ہے۔ قصبہ میں باقی رہ جانے والے مکین آبادی بڑھانے کے لئے گھر صرف ایک یورو میں بیچ رہے ہیں۔
اٹلی میں بھی کئی علاقوں میں آبادی مسلسل کم ہونے کے سبب کافی عرصے سےآبادی بڑھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور اس کوشش کے سلسلہ میں ہی بنے بنائے گھر ایک ڈالر کے عوض غیر ملکیوں کو فروخت کیے جا رہے ہیں۔ اب فرانس کے قصبے سینٹ ایمنڈ مونٹرونڈ کی جانب سے بھی اسی طرح کے پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔
مگر ان گھروں کو کافی مرمت کی ضرورت ہوگی کیونکہ یہ اوسطاً 12 سال سے خالی ہیں اور ان کی تزئینِ نو پر ایک لاکھ ڈالرز سے زائد خرچ ہو سکتے ہیں۔ گھر کی رینوویشن کے خرچ سے پریشان نہ ہوں، اس خوبصورت یورپی قصبے میں رہائش پر آپ کو لاکھوں روپے نقد بھی دیے جائیں گے ۔
اس گھر کو حاصل کرنے کی شرط صرف ایک ہے کہ خریدار کو سینٹ ایمنڈ مونٹرونڈ میں ہی رہنا ہو گا۔ 9 ہزار افراد پر مبنی قصبے کو ان بے آباد گھروں کو آباد کرنے والوں کی تلاش ہے۔
مقامی حکام کے مطابق قصبہ کی انتظامیہ کے لوگ ایسے سنجیدہ افراد کے منتظر ہیں جو اپنی زندگی اس قصبے میں گزارنے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم پرانی عمارات کو دوبارہ ٹھک کرنا چاہتے ہیں تاکہ خالی گھروں کی تعداد کم ہو اور قصبے کو نئی زندگی مل سکے۔
اس حوالے سے درخواستیں 15 جون تک جمع کی جائیں گی اور خواہشمند افراد کو تزئین نو کے منصوبے اور اپنی مالی حیثیت کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
البتہ جو افراد قصبے کے گھر کو اثاثے کی حیثیت سے تیار کر کے خالی چھوڑ دینے یا کرائے پر دینے کے لیے خریدنے کے خواہشمند ہوں گے، ان کی درخواستوں کو مسترد کر دیا جائے گا۔
قصبہ کی انتظامیہ کے مطابق گھر خریدنے والوں کو وہاں کم از کم 10 سال تک رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ گھروں کے نئے مالکان علاقے کی زندگی کا حصہ بنیں۔
گھر خریدنے کے خواہشمند افراد 15 مئی کے بعد وہاں جا کر جائزہ لے سکیں گے جس کے بعد ستمبر میں ان میں سے خوش قسمت افراد کا انتخاب ہوگا اور جنوری 2025 میں وہ وہاں جائیداد کے مالک بن جائیں گے۔
گھر خریدنے کے بعد 5 ماہ کے اندر گھر کی تزئین نو کا کام شروع کرکے اسے جولائی 2028 تک مکمل کرنا ہوگا۔
گھر کو نئی زندگی دینے کے لیے یہ افراد مالی معاونت کے لیے بھی درخواست دے سکیں گے۔
یہ دوسری بار ہے جب اس قصبے میں اس طرح ایک یورو میں گھر فروخت کیے جا رہے ہیں، اس سے قبل 2021 میں بھی اس پروگرام کے لیے 90 افراد نے درخواستیں دی تھیں۔