سٹی42: پاک افغان بارڈر پر افغانستان کی جانب سے بِلا اشتعال فائرنگ افغانستان سے پاکستان کے اندر دہشتگردی کرنے کے لئے دہشتگردوں کے مزید جتھے بھیجنے کے لئے کی گئی۔ پاکستان آرمی نے بروقت جوابی کارروائی کر کے دہشتگردوں کو پاکستان کے اندر گھسانے کا ناپاک منصوبہ ناکام بنا دیا ور خوارجی دہشتگردوں کے کئی جتھوں کو تتر بتر کر دیا۔
پاکستانی فورسز کی جانب سے مؤثر اور شدید جوابی کاروائی سے متعدد افغان فوجی ہلاک ہو چکے ہیں اور خارجی دہشتگردوں کے جتھے / تشکیلیں تتر بتر کر دیئے گئے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے فوری اور مؤثر جواب کے نتیجہ میں افغان پوسٹیں پاکستان کے اندر گھسنے کی منظم کوشش کرنے والے خوارجی دہشتگردوں کے جتھوں کو کور فائر دینے میں بری طرح ناکام ہو گئیں۔
متعدد افغان پوسٹوں پر موجود افغان فوجی پاکستان کی جوابی کارروائی میں مارے گئے اور ان پوسٹوں کو شدید نقصان پہنچا۔
پاکستان آرمی کی کارروائیوں میں کئی علاقوں میں خارجیوں کی تشکیلوں کو بھی بھاری نقصانات کی اطلاعات ملی ہیں۔ ان کارروائیوں کی تفصیلات ابھی دستیاب نہیں۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ انٹیرم افغان حکومت کی سر پرستی میں افغانستان کے اندرچلنے والے خوارج اور داعش کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سیکورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ان کارروائیوں میں پاکستان کی جانب سے آرٹلری، ٹینکوں، ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا ضرورت کے مطابق استعمال کیا جا رہا ہے۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغانستان کے اندر موجود داعش اور خارجی دہشتگرد گروہوں کے مصدقہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لئے فضائی وسائل اور ڈرونز کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
سیکورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ افغان فورسز کے اُن ہیڈ کوارٹر کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے جو داعش اور فتنہ الخوارج کو پنا دیتے ہیں۔