ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر سیاسی شخصیات کا اظہارِ افسوس

President Arif Alvi, PM Imran Khan
کیپشن: President Arif Alvi, PM Imran Khan
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک)  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔   

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے قوم کی حفاظت کے لیے ایٹمی طاقت بنانے میں پاکستان کی مدد کی، ہم ایک شکر گزار قوم کی حیثیت سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو کبھی نہیں بھولیں گے، اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر بہت افسردہ ہیں، قوم ملک کو جوہری طاقت بنانے کے عمل میں ان کے کردار کی وجہ سے ان سے محبت کرتی تھی اور وہ پاکستانی عوام کے لیے ایک قومی آئیکون تھے۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ان کی خواہش کے مطابق فیصل مسجد کے احاطے میں دفن کیا جائے گا، اس سے قبل پاکستان کے وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ عبدالقدیر خان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ اپنی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللہ محسن پاکستان کو جنت الفردوس میں اعلی ترین مقام اور ڈاکٹر خان کے سوگواران اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان کو نا قابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کلیدی کردار ادا کیا، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی رحلت پر پوری قوم افسردہ ہے، پاکستان کیلئے ان کی خدمات ان گنت ہیں،خدا غریق رحمت کرے۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا مثالی کردار ہے، ان کے انتقال پر ہر محب وطن پاکستانی کی آنکھ اشکبار ہے۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ملک کے لئے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیرخان قوم کا اثاثہ تھے ، ان کی ملک کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم ایک سچے محسن سے محروم ہو گئی ہے جس نے دل و جان سے مادر وطن کی خدمت کی۔
انھوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات کو ملک کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں ان کا کردار مرکزی ہے۔ اللہ ان کی روح پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔

Sughra Afzal

Content Writer