ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ضلع خیبر باڑہ ؛ قبائلی مشران، پولیس سمیت نوجوانوں نے بڑی ریلی نکالی

ضلع خیبر باڑہ ؛ قبائلی مشران، پولیس سمیت نوجوانوں نے بڑی ریلی نکالی

سٹی 42 : بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں عوام کا سمندر سڑکوں پر نکل آیا، شہریوں نے اپنے وطن اور اپنی فوج کے حق میں ریلیاں نکالیں، بھارت کو دکھایا گیا کہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ۔ 

ضلع خیبر باڑہ میں باڑہ بازار کے مقام پر قبائلی مشران،بلدیاتی نمائندگان، پولیس،تمام لائنز ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ خیبر کی جانب سے ایک بڑی یکجہتی ریلی نکالی گئی، جس میں بھارت کی حالیہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔

ریلی میں قبائلی عمائدین، نوجوانوں، سیاسی و سماجی رہنماؤں، اور ضلعی افسران نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد "افواجِ پاکستان زندہ باد" اور "بھارت کی جارحیت نامنظور" جیسے نعرے درج تھے۔

اس موقع پر قبائلی مشران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے قبائل ہمیشہ ملکی سلامتی اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی ملکی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کے دفاع کی علامت ہیں اور ان کے حوصلے، قربانیاں اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔

قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے رات کے تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرکے سویلین آبادی،مساجد اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنایا ہے، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پاکستانی افواج و ایئرفورس نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے دشمن کے جہاز گرائے ہیں،ہندوستان میں گھس کر انکے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس پر ہم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام اپنے افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔کسی قسم کے قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

مشران نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے کا امن خراب کرنا چاہتا ہے لیکن پاکستانی قوم اور اس کی افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور ہمہ وقت تیار ہیں۔

ریلی کا اختتام دعائیہ کلمات کے ساتھ کیا گیا، جس میں ملکی سلامتی، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔