فاطمہ عارف: سورج کی تپش سے شہر لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا، ماہرین کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں آلودگی کی شرح میں اضافہ ،ایئر کوالٹی انڈیکس 143ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
شہر قائد میں بدستور بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ صبح سویرے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقوں ڈیفنس، کلفٹن، بوٹ بیسن اور اطراف میں وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، سائٹ ایریا، میٹروول، نارتھ کراچی، بفرزون میں بھی ہلکی بارش ہوئی تاہم شہر میں آج کہیں بوندا باندی کہیں اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، شہر میں جنوب مغربی سمت سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دادو، لاڑکانہ، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ میں 11 اگست سے بارشوں کا نیا سپیل بھی آنے کی امید ہے۔
دوسری جانب سندھ، بلوچستان ،خیبرپختونخوا ، جنوبی/بالائی پنجاب ،خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ شمال مشرقی /جنوبی بلوچستان، بالائی سندھ ،با لائی خیبرپختونخوا ،شمال مشر قی پنجاب ، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں چند مقا مات پر بھی موسلادھار بارش متوقع ہے۔
صوبہ پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، ساہیوال، چنیوٹ، بہاولپور، بہاولنگر،خانپور، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، راجن پور اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران مری ، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال ،لاہوراورحافظ آبادمیں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے
صوبہ خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، صوابی، نوشہرہ، مردان، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مہمند، خیبر، باجوڑ، چارسدہ، ہنگو، کرم، اورکزئی، وزیرستان اوربنوں میں تیز ہواؤں/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، دیر، سوات، صوابی، نوشہرہ، مردان،پشاور اورباجوڑ میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
انتباہ:
05 اور 06 اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث ڈیر غازی خان کے پہاڑی علاقوں، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ہرنائی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، نصیر آباد، جعفر آباد، قلات، خضدار، لسبیلہ ، آواران، کیچ، پنجگور جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، دادو، جامشورو ، مری، گلیات، مانسہرہ، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد/ راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گجرات اور کشمیر کے مقامی / بر ساتی ندی نالوں اور میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، بہاولنگر، بہاولپور، راجن پور، رحیم یار خان، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، سکھر، کشمور، گھوٹکی، شکارپور اور خیرپور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے، اس دوران خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہے۔