ویب ڈیسک: بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں سنہ 2022 سے سنہ 2023 کے دوران سانپ کے کاٹنے کے تین عجیب اور غیر معمولی واقعات پیش آئے، ان تینوں واقعات میں ایک بات مشترک تھی اور وہ یہ کہ: سانپوں نے مرنے کے کئی گھنٹوں بعد انسانوں کو کاٹا تھا۔
یہ تینوں سانپ ’مونوکلاڈ کوبرا‘ اور ’بلیک کریٹ‘ نسل کے تھے اور یہ انڈیا میں پائے جانے والے سب سے خطرناک سانپوں میں شمار ہوتے ہیں، اِن واقعات کے سامنے آنے سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا واقعی مردہ سانپ کسی انسان کو کاٹ سکتا ہے اور کیا سانپ کا زہر اس کے مرنے کے بعد بھی کام کرتا ہے؟
مرے ہوئے سانپ کے کاٹنے کا ایک واقعہ انڈیا کی ریاست آسام کےضلع شیو ساگر میں پیش آیا جہاں 45 سالہ شخص نے اپنے گھر میں کوبرا سانپ دیکھا تو اُس کو مار دیا اور سر اس کے دھڑ سے علیحدہ کر دیا۔
بعد میں جب اس شخص نے مرے ہوئے سانپ کو ٹھکانے لگانے کی کوشش کی تو سانپ کے سر نے اسے ہاتھ کے انگوٹھے میں کاٹ لیا، متاثرہ شخص کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے اینٹی وینم (سانپ سے کاٹے کی دوا) دی گئی، جس کی مدد سے اس کی جان بچ گئی۔
دوسرا واقعہ آسام کے اسی علاقے میں پیش آیا، ایک کوبرا کسان کے ٹریکٹر کے پہیوں تلے کچل کر ہلاک ہو گیا تھا، چند گھنٹوں بعد جب وہ شخص ٹریکٹر سے اُترا تو مرے ہوئے کوبرا نے اس کی ٹانگ پر کاٹ لیا۔ جس جگہ سانپ نے کاٹا تھا وہ جگہ سوج گئی اور اس شخص کو قے آنے لگی، اسے اینٹی وینم اور اینٹی باڈییز ادویات دی گئیں، اور آخرکار وہ صحت یاب ہو گیا۔
تیسرا واقعہ آسام کے ضلع کام روپ کا ہے جہاں کچھ لوگوں نے ایک کریٹ نسل کے سانپ کو مار کر گھر کے پیچھے پھینک دیا، تین گھنٹے بعد ایک شخص تجسس میں مردہ سانپ کو دیکھنے گیا۔ اس نے انجانے میں مردہ سانپ اپنے ہاتھوں میں پکڑ لیا۔
سانپ نے اسے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی پر ڈس لیا،ابتدا میں کاٹنے والی جگہ پر کوئی درد یا سوجن نہیں تھی۔لیکن رات دو بجے کے قریب زہر کا اثر ہونے لگا، جسم کے حصے بھی بے حس ہونے لگے جس کے بعد اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں فوراً علاج شروع کیا گیا اور 6 دن بعد صحت یاب ہوا۔
مردہ سانپ کیسے کاٹ سکتا ہے؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات رونما ہونے کا خطرہ حقیقی ہے، محققین نے ان واقعات کے پیچھے وجوہات کو سمجھنے کے لیے تحقیق کی۔ مردہ سانپوں کے ڈسنے سے متعلق یہ تحقیق ’فرنٹیئرز ان ٹراپیکل ڈیزیز‘ میں شائع ہوئی ہے۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ’کچھ سانپ کسی کو مرنے کے تین گھنٹے بعد بھی کاٹ سکتے ہیں۔ سانپ کے جسم میں موجود زہر چند گھنٹوں تک زہر کے نظام میں متحرک رہتا ہے اور یہ انسان کو متاثر کر سکتا ہے۔
کون سے سانپ مرنے کے بعد بھی کاٹتے ہیں؟
ریٹل سانپ (وائپر سانپ کی ایک قسم) ہے جو مرنے کے بعد کاٹ سکتے ہیں،یہ سانپ امریکہ میں پائے جاتے ہیں، آسٹریلیا میں بھورے سانپوں اور چین میں پائے جانے والے کوبرا میں ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
انڈیا میں سب سے بڑا خطرہ رسل وائپر، سو سکیلڈ وائپر، بانس پٹ وائپر، مالابار پٹ وائپر، کورل سانپ اور بینڈڈ پٹ وائپر پرجاتیوں سے ہو سکتا ہے, ’کندا کنڈائی اور نیرکولی جیسے پانی کے سانپ جو بظاہر بے ضرر دکھائی دیتے ہیں، وہ بھی ایسا کرتے ہیں۔‘