ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سام سنگ کا نیا فون لانچ کے لیے تیار

سام سنگ کا نیا فون لانچ کے لیے تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک: سام سنگ نے اپنے آئندہ فولڈیبل اسمارٹ فون Galaxy Z Fold 8 کی تشہیری مہم کا آغاز منفرد انداز میں کرتے ہوئے نئے ڈیزائن کے اشارے دینا شروع کر دیے ہیں، جبکہ کیمرے اور دیگر فیچرز سے متعلق قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں۔

پیر کی شب سام سنگ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹس @SamsungMobile اور @SamsungMobileUSA سے تمام پوسٹس ہٹا دیں، جس سے صارفین میں تجسس کی لہر دوڑ گئی۔ ابتدائی طور پر بعض صارفین نے اسے تکنیکی خرابی یا ہیکنگ کا نتیجہ سمجھا تاہم جلد ہی واضح ہوگیا کہ یہ کمپنی کی نئی مارکیٹنگ حکمت عملی کا حصہ تھا۔

اگلے ہی روز سام سنگ نے خالی گرڈ پر صرف چھ نئی پوسٹس شیئر کیں، جو مل کر “New shape. New joy” (نئی شکل، نئی خوشی) کا پیغام دیتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ پیغام اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ کمپنی اپنی فولڈیبل سیریز کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلیاں متعارف کرانے جا رہی ہے۔

سام سنگ کی جانب سے جاری مختصر ویڈیوز میں روزمرہ اشیا کو نئی شکلوں میں پیش کیا گیا ہے، جبکہ ان کے کیپشن بھی اسی تبدیلی کا عندیہ دیتے ہیں۔ اگرچہ کمپنی نے کسی بھی ڈیوائس کا نام نہیں لیا تاہم ٹیکنالوجی حلقوں کا خیال ہے کہ یہ مہم براہِ راست Galaxy Z Fold 8 سے متعلق ہے۔

ویڈیوز کا باریک بینی سے جائزہ لینے پر محسوس ہوتا ہے کہ نئے فولڈیبل فون کا ڈیزائن موجودہ Galaxy Z Fold 7 کے مقابلے میں نسبتاً چوڑا اور کم لمبا ہوگا۔ یہ تاثر حالیہ لیکس سے بھی مطابقت رکھتا ہے، جن میں Galaxy Z Fold 8 کے نئے فارم فیکٹر اور ممکنہ Ultra ماڈل کا ذکر کیا گیا ہے۔

تشہیری مہم میں شامل ایک ویڈیو، جس کا عنوان “Bold Stroke. New Shape” ہے، خصوصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔ اس میں جامنی، گلابی اور سنہری رنگ نمایاں کیے گئے ہیں جبکہ اختتام پر دکھایا گیا گرافک مبینہ طور پر لیک ہونے والے Galaxy Z Fold 8 کے وال پیپر سے مشابہت رکھتا ہے جس میں نمایاں طور پر ہندسہ 8 بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اگرچہ سام سنگ نے ابھی تک کیمرے کی خصوصیات سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم مختلف لیکس کے مطابق کمپنی Galaxy Z Fold 8 Ultra اور Galaxy Z Fold 8 Wide کے نام سے دو الگ ماڈلز متعارف کرا سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق Ultra ماڈل تقریباً 4.1 ملی میٹر موٹائی، 5,000mAh بیٹری، 45 واٹ فاسٹ چارجنگ اور تقریباً 215 گرام وزن کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے، جبکہ Wide ماڈل نسبتاً ہلکا ہوگا اور اس میں 4,800mAh بیٹری، 5.4 انچ بیرونی ڈسپلے اور زیادہ چوڑا 4:3 اسپیکٹ ریشو دیا جا سکتا ہے تاکہ بند حالت میں بھی فون کا استعمال روایتی اسمارٹ فون جیسا محسوس ہو۔

ذرائع کے مطابق دونوں ماڈلز کی اندرونی اسکرین کی ساخت بھی مختلف ہو سکتی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ Wide ماڈل میں نسبتاً موٹی Ultra-Thin Glass (UTG) استعمال کی جائے گی، جس سے اسکرین پر بننے والی فولڈنگ لائن (Crease) مزید کم نمایاں ہونے کا امکان ہے۔

اس بار سام سنگ نے روایتی “Unpacked Coming Soon” مہم کے بجائے سوشل میڈیا پر مرحلہ وار اشارے دینے کی حکمت عملی اپنائی ہے تاکہ صارفین کی دلچسپی برقرار رکھی جا سکے اور باضابطہ لانچ سے قبل آن لائن سرگرمی میں اضافہ ہو۔

اگرچہ کمپنی نے ابھی تک لانچ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم صنعتی ذرائع کے مطابق Galaxy Z Fold 8 سیریز کی رونمائی 22 جولائی کو متوقع ہے۔