سٹی42: سیلفیاں بنانے کے شوقین بپھرے ہوئے دریا کی طغیانی میں بہہ گئے۔ حفاظتی اقدامات سے بے خبر تفریح کرنے والوں کی تفریح ماتم میں بدل گئی۔
مینگورہ کے قریب دریائے سوات میں اچانک پانی کا ریلا آیا تو اس وقت دوسرے علاقوں سے گئے ہوئے بہت سے لوگ تفریح کے لئے مختلف علاقوں میں دریا کے اندر موجود تھے، کچھ دریا میں کشتیاں چلا رہے تھے اور سیلفیاں بنا رہے تھے۔ پانی کا ریلا سب کو بہا کر لے گیا۔ 18 افراد سوات دریا کے تیز پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔
ریسکیو 1122 نے اطلاع ملنے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا لیکن بہت سے لوگوں کو بچایا نہیں جا سکا۔ ایک ہی جگہ ریلے میں بہہ جانے والوں میں سے چار کو زندہ بچا لیا گیا، چار لاپتہ ہو گئے اور نو کی لاشیں مل گئیں۔
مختلف علاقوں میں 40 سے زائد افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا، کئی لوگ لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ پانی کے از حد تیز رفتار ریلے میں بہہ کر آگے چلے گئے ہیں۔ ریسکو اہلکاروں نے جان کی بازی لگا کر درجنوں لوگوں کو بچا لیا اور دریائے سوات سے 9 افراد کی لاشیں نکال لیں۔
مرنے والے تمام افراد دوسرے علاقوں سے تفریح کرنے کے لئے سوات گئے تھے۔ دریائے سوات کو دنیا کے خوبصورت ترین دریاؤں میں شمار کیا جاتا ہے لیکن اس دریا میں بہتے پانی کی تیز رفتار بھی دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔ کیچمنٹ ایریا میں بارش اور معمول سے زیادہ گرمی کے باعث گلیشئیرز پگھلنے کی رفتار برھ جائے تو اس تند دریا میں طغیانیاں آتی ہیں جو اس وقت دریا میں موجود ماہر تیراکوں کو بھی بوکھلا دیتی ہیں۔
آج سانحہ میں دریا کے پانی کے غضب کا شکار ہونے والے افراد کی 7 لاشیں سیالکوٹ بھیجی گئیں، 2 لاشیں مردان منتقل کر دی گئیں
کمشنر ملاکنڈ، ڈی سی اور ڈی ای او خود متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے اور دریا میں لاپتہ ہونے والوں کو تلاش کرنے اور نکالنے میں مصروف ریسکیو ون ون ٹو ٹو کے اہلکاروں اور مقامی ماہر تیراکوں کی مدد اور حوصلہ افزائی کرتے رہے۔
آخری خبریں آنے تک ریسکیو ٹیمیں تاحال لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف تھے۔
انتظامیہ نےعوام کو دریائے سوات کے قریب جانے سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔
آج دریا کی طغیانی کے دوران بہہ جانے والوں کو زندہ نکال لینے کے لئے ریسکیو اہلکاروں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر کئی گھنٹے ان تھک کام کیا۔ علاقہ کے عوام اور انتظامیہ نے ریسکیو اہلکاروں کی بے لوث کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

اس سانحہ کی فورکاسٹ ایک روز پہلے سٹی42 نے اس ہید لائن کے ساتھ پوسٹ کی: آج اور کل کے دوران سیلاب آئے گا
ایک روز پہلے سٹی42 کی خبر میں واضح نشاندہی کی گئی تھی کہ جن علاقوں میں آج اور کل کے دوران سیلاب آئے گا، جہاں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ان میں سوات شامل ہے۔