سٹی42: آج اور کل کے دوران سیلاب آئے گا۔
یہ بات کسی صحافی نے نہیں بتائی بلکہ ڈیزاسٹر کی مینیجمنٹ کے قومی ادارہ نے بتائی ہے۔ این ڈی ایم اے نے بتایا کہ آج اور کل کے دوران پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان میں سیلاب آنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے یہ بھی بتایا کہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، نوابشاہ، لاڑکانہ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
این دی ایم اے نے 48 گھنٹوں کے دوران ملک میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
موسم کا محکمہ پہلے بتا چکا ہے کہ 26 تا 28 جون کے دوران اسلام آباد ، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، ڈی جی خان، راجن پور سکھر، کشمور، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹنڈو الہٰ یار، بدین میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کو خدشہ ہے کہ چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولا کوٹ، حویلی، ہٹیاں بالا میں "شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔"
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنت اتھارٹی نے مشورہ دیا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں، آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہٰذا محتاط رہیں۔