(سٹی42)صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کی ہولناکی میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ۔ملک میں کورونا وائرس سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 286 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 13749 تک جا پہنچی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک 29 لاکھ 95 ہزار 152 افراد متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 8 لاکھ 81 ہزار 551 صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 286 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 13749 تک جا پہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 98 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 85 اور پنجاب سندھ میں 84 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 13، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے خوف اس حد تک بڑھ گیا ہے کہ لوگوں نے خودکشیاں شروع کردیں ہیں جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے،کراچی جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں قائم آئیسولیشن وارڈ سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرنے والے شخص کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آگیا۔ ہسپتال کے سینئیر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہناتھا کہ مذکورہ شخص کو وائرس کی ممکنہ علامات ظاہر ہونے پر اتوار کی شب کراچی کے علاقے لانڈھی سے جناح ہسپتال لایا گیا تھا۔
مریض کا سینے کا ایکسرے کیا گیا تھا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ مریض ممکنہ طور پر وائرس سے متاثر تھا چنانچہ اسے ہسپتال میں کووِڈ 19 کے مریضوں کے مختص وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔وارڈ کی تیسری منزل سےمذکورہ شخص نےچھلانگ لگائی جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گیا۔بعدازاں ہسپتال حکام کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی کہ خودکشی کرنے والے شخص کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا۔
واضح رہے کہ لاہور میں گرشتہ دنوں غازی آباد میں لوگوں نے ایک معمر شخص میں کورونا وائرس کا اندیشہ ظاہر کیا جس کی وجہ سے دلبرداشتہ ہوکرعمر رسیدہ شخص نے خودسوزی کر لی تھی۔ 68 سالہ حنیف احمد دمے کے مریض تھے۔سانحے کے روز حنیف کی حالت تشویشناک ہوگئی تھی اور انہوں نے دمے کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری کی شکایات کی تھی ۔
علاقہ مکینوں کی جانب سے اس میں کورونا کی علامات کی نشانددہی کی گئی۔جس پر حنیف نے پیٹرول کا بندوبست کیا اور خود کو آگ لگا دی، مرنے سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ اہل علاقہ کے لوگوں نے اسے کورونا وائرس کا تصدیق شدہ مریض کہا تھا۔
یار رہے کہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ کورونا وائرس کے باعث بیرونِ ملک بھی خودکشی کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے جس میں گزشتہ ماہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریض نے ہسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی۔