(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے صادق خان کو لندن کا میئر بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلسل تیسری بار لندن کا میئر بننے پر صادق خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایک محنتی برطانوی پاکستانی کے قابل فخر فرزند نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ تیسری بار لندن کا میئر منتخب ہونا صادق خان کی قابلیت اور عوامی خدمت کا ثبوت ہے، مستقبل میں صادق خان کی مزید کامیابیوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی نژاد برطانوی شہری اور لیبر امیدوار صادق خان نے تیسری بار میئر لندن منتخب ہو کر ہیٹ ٹرک مکمل کی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق صادق خان نے 43 فیصد اور سوزن ہال نے 33 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں۔
واضح رہے کہ صادق خان پہلی مرتبہ 2016 جبکہ دوسری بار 2021 میں میئر لندن منتخب ہوئے تھے، 2016 میں صادق خان نے کنزرویٹو امیدوار اور سابق پاکستانی وزیراعظم کی سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ کو شکست دی تھی۔