سعید احمد سعید: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون میں توسیع کے بعد ٹرین آپریشن 10 مئی کو چلانے کا فیصلہ کیا گیا، آٹاچینی سکینڈل میں چھ ہزار ارب کی کرپشن ہوئی، وزیر ہویا فقیر کوئی بھی بخشا نہیں جائے گا۔
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کی، ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث ہر ماہ پانچ ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، ریلوے دس مئی کو ٹرینیں چلانے کی نئی تاریخ دے گا، لاک ڈاؤن جس دن ختم ہو گیا چوبیس گھنٹے میں ٹرین چلا دیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام ریلوے ملازمین کا ایک گریڈ بڑھنا چاہیے، شیخ رشید احمد ایک بار پھر مخالفین پر برس پڑے، کہتے ہیں ن لیگ تین لوگوں کی جماعت بن گئی ہے، شہبازشریف جو سوچ کر پاکستان آئے ان کی سیاست کا جنازہ نکل گیا۔
شیخ رشید احمد نے آٹا چینی سکینڈل میں چھ ہزار ارب روپے کی کرپشن کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر ہو یا فقیر سب رگڑے جائیں گے، عمران خان کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑے گے۔
وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ ٹرین سروس بند ہونے سے ماہانا 5 ارب روپے کا نقصان ہوا، حکومتی احکامات کی روشنی میں ہی ٹرین آپریشن بحال کریں گے۔
پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران دودھ، دہی کی دکانوں، کریانہ سٹوروں، تندوروں اور بیکریوں کو سحری میں صبح 2 بجے سے صبح 4 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی، رمضان المبارک کے دوران اجتماعی سحری واجتماعی افطاری پر پابندی ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی، گراسری سٹورز، کریانہ سٹورز، ڈیپارٹمنٹل سٹورزاورسپرمارکیٹس (صرف گراسری، پھل اور سبزیوں کے سیکشن) صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔