علی رامے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیشِ نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال پر مبنی فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے,جس میں حالیہ بارشوں، نقصانات اور دریاؤں کی صورتحال سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ گوجرانوالہ میں 142، سیالکوٹ 139، منڈی بہاؤالدین 138، نارووال 117، حافظ آباد 85، چکوال 70 اور اوکاڑہ میں 64 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس کے علاوہ گجرات میں 49، جھنگ 35، لیہ 33 اور جہلم میں 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر دریاؤں، ڈیموں اور بیراجز کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
فیکٹ شیٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 57 فیصد، منگلا ڈیم میں 38 فیصد جبکہ بھاکڑا، تھین اور پونگ ڈیم میں پانی کی سطح تقریباً 30 فیصد ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں کو برساتی نالوں، نشیبی علاقوں، دریاؤں اور نہروں میں نہانے یا جانے سے ہرگز نہ روکیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دیں۔
ترجمان کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 8 شہری جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے، جبکہ زیادہ تر اموات کچے مکانات گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہوئیں۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، جبکہ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن نگرانی جاری ہے۔