(اکمل سومرو)گورنمنٹ کالج برائے خواتین سمن آباد کی چیئرمین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سمیرا یاسمین کورونا کے باعث انتقال کر گئیں، تین ہفتوں سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے گورنمنٹ کالج برائے خواتین سمن آباد کی چیئرمین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سمیرا یاسمین کورونا کے باعث انتقال کر گئیں، تین ہفتوں سے وینٹی لیٹر پر تھیں،سمیرا یاسمین کو تین ہفتے قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی،جس کے بعد انہیں پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ سمیرا یاسمین کو حالت زیادہ خراب ہونے پر تین روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔ کالج پرنسپل ڈاکٹر حلیمہ آفریدی کہتی ہیں کہ مرحومہ کے ساتھ ملنے والی خواتین اساتذہ کی بھی سکریننگ کرائی جا رہی ہے، اور کالج سٹاف روم کو بند رکھا گیا ہے تاکہ اساتذہ ایک جگہ نہ بیٹھ سکیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ متین انتقال کرگئیں تھیں،لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی سابق وائس چانسلر کئی مہینوں سے علیل تھیں اور طبعیت اچانک خراب ہونے پر وہ دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ڈاکٹر بشریٰ متین لاہور کالج میں آٹھ سال تک وائس چانسلر کے عہدے پر تعینات رہیں جبکہ وہ بطور پرنسپل بھی کام کرتی رہی ہیں۔ ان کی نماز جنازہ جامع مسجد ایچ بلاک ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں ادا کی گئی۔ وائس چانسلر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے ڈاکٹر بشریٰ متین کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔