سٹی 42: سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام نے منتخب نمائندوں کو ووٹ دیا ہے، اس لیے عوامی مسائل کے حل کی ذمہ داری بھی انہی پر عائد ہوتی ہے۔ اگر مسائل حل نہیں ہو رہے تو اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن عوامی خدمت کا عمل جاری رہنا چاہیے۔ صرف تنقید سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جبکہ جمہوریت میں ووٹ عوام کی طاقت اور تبدیلی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جانی چاہیے اور مسائل کا حل الزام تراشی نہیں بلکہ بہتر طرز حکمرانی میں ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانا ہوں گی، کیونکہ مشترکہ کوششوں سے ہی پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بقایاجات خیبرپختونخوا کا آئینی اور قانونی حق ہیں، جن کی ادائیگی کے لیے وفاقی حکومت سے متعدد بار رابطہ کیا جا چکا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جو مختلف اجلاسوں میں قابل عمل اور دیرپا حل تلاش کرے گی۔
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کے حقوق اور وسائل کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگر بقایاجات کی مکمل ادائیگی فوری طور پر ممکن نہیں تو مرحلہ وار ادائیگی کا طریقہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبے کے جائز مطالبات پر انصاف اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کیے جانے چاہییں تاکہ اعتماد کی فضا کو فروغ مل سکے۔