علی ساہی: آئی جی پنجاب عبدالکریم نے منشیات کے بڑے ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے سپلائی چین میں ملوث تمام عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے اور سخت سزائیں دلوانے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال صوبے میں 33 ہزار 940 منشیات فروش گرفتار کیے گئے جبکہ ان کے خلاف 33 ہزار 542 مقدمات درج ہوئے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 17 ہزار 577 کلوگرام چرس، 1538 کلوگرام ہیروئن، 1137 کلوگرام آئس اور 750 کلوگرام افیون برآمد کی گئی۔ پولیس نے 4 لاکھ 87 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی قبضے میں لی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور میں رواں سال 4830 منشیات فروش گرفتار اور 4675 مقدمات درج کیے گئے۔ شہر میں کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 1752 کلوگرام چرس، 103 کلوگرام ہیروئن، 513 کلوگرام آئس، 46 کلوگرام افیون اور 20 ہزار 580 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ منشیات کی سپلائی چین میں شامل تمام ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔
عبدالکریم نے آن لائن منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت ایکشن لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے بڑے ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف کارروائیوں میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔