ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی ، طلال چودھری کا جنید اکبر کو کرارا جواب

 اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی ، طلال چودھری کا جنید اکبر کو کرارا جواب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر  جنید اکبر کی اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی پر سخت نتائج سے آگاہ کیا اور کہا کہ آئیں گے ضرور لیکن واپس جائیں گے نہیں۔اگر آپ پرامن شہری ہیں تو ہر راستے سے اسلام آباد آئیں۔

 نجی چینل کے صحافی کے سوال پر وزیر داخلہ برائے مملکت طلال چوہدری نے کہا , "پی ٹی آئی کی فساد کرنے کی منصوبہ بندی ہے، پرامن احتجاج کیلیے تو اس طرح کے بیانات نہیں ہوتے، دیگر سیاسی جماعتیں بھی قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرتی ہیں، جنید اکبر کے بیان سے پتا چلتا ہے کہ یہ لوگ کیا کرنا چاہتے ہیں۔

ایک اور میڈیا آؤٹ لیٹ کی رپورٹ کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف  کو 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے خبردار کیا  کہ اگر دہشت گرد بن کر آئے تو پھر واپس جانے نہیں دیں گے۔ اگر آپ پرامن شہری ہیں تو ہر راستے سے اسلام آباد آئیں، اگر دہشت گرد بن کرآئیں گے تو پھر واپس جانے نہیں دیں گے۔طلال چوہددری نے کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ کےحکم پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے گا اور کوئی غیرقانونی کام برداشت نہیں کیا جائے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ 9 مئی کو ان کے گھروں سے جلوس نکلے اور پھر  انہوں نے کہا کہ ہم نے تو  کچھ نہیں کیا۔ 26 نومبر کو یہ مسلح ہو کر آئے، اہلکاروں کو  (گاڑی کے نیچے) کچلا،  اور پھر کہا کہ ہم پرامن ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا،  "ان کی منصوبہ بندی ہے کہ ریاست میں انارکی پیدا ہو لیکن ریاست ایسے بگڑے ہوئے انتشاری لوگوں سے نمٹے گی۔انہوں نے مزید کہا پہلے بھی اس طرح کے گروپ تھے جن کا آج کوئی وجود نہیں. اسلام آباد کیلئے سکیورٹی  کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرے، اسلام آباد ملک کا دارالحکومت ہے۔ ہم  پوری صلاحیت سے  دارالھکومت کا تحفظ کریں گے۔  جو بھی اس طرح کا ذہن لے کر آ رہے ہیں، وہ آئیں گے ضرور لیکن جائیں گے نہیں۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم ہو سکتی ہے اور نہ بڑھ سکتی ہے، جماعت اسلامی جانتی ہے کہ حکومت کے پاس گنجائش ہو تو قیمت کم کر سکتی ہے۔طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جماعت اسلامی اس بات پر غور کرے گی جلسے سے پٹرول، ڈیزل کی قیمت کم نہیں ہوگی۔ جماعت اسلامی میں سمجھدار اور باعزت لوگ ہیں۔  امید ہے وہ ہماری بات کو سمجھیں گے۔