راؤ دلشاد:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملتان کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں اور علاقے کی ضروریات سے متعلق تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کی تجاویز نوٹ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
ارکان اسمبلی نے ریکارڈ مدت میں جلالپور پیروالا اور نوراجہ بھٹہ فلڈ بند کی تعمیر مکمل کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں شجاع آباد اور خان گڑھ کے درمیان دریائے چناب پر پل بنانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ نے جیل کو دوسری جگہ منتقل کرکے موجودہ جگہ پر عوامی پارک بنانے کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خانیوال روڈ کی توسیع اور ری ڈیزائننگ کا بھی حکم دیا۔
اس موقع پر ارکان اسمبلی نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ پنجاب ترقی کے میدان میں نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترقیاتی اقدامات میں واضح پیش رفت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ترقی کا فوکس کسی ایک شہر تک محدود نہیں بلکہ صوبے کے 40 اضلاع میں یکساں طور پر ترقیاتی منصوبے کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی بار آبادی کے تناسب سے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ گرین بس سروس پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پہلے پہنچی اور لاہور میں بعد میں متعارف کرائی گئی۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ کینسر کی کوابلیشن مشین میو ہسپتال لاہور کے بعد نشتر ہسپتال ملتان میں بھی نصب کردی گئی ہے۔