(وسیم احمد) پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ 18 نومبر سے باغ جناح لاہور میں شروع ہو گی۔ اعصام الحق اور عقیل خان سمیت تمام ٹاپ مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔
پنجاب ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پانچ روزہ پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ میں ڈیوس کپ اور ساف چیمپئن شپ کھیلنے والی ٹیم سمیت ملک کے ٹاپ ٹین مرد اور خواتین کھلاڑی سنگل اورڈبلز میں شرکت کریں گے۔
پنجاب ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رشید ملک نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ میں سات لاکھ پرائز منی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں 17 نومبر کو مختلف ایج گروپ کیٹیگریز میں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلے جائیں گے، سیکرٹری پنجاب ٹینس ایسوسی ایشن رشید ملک اور سینئر وائس پریزیڈنٹ پنجاب لان ٹینس افضال شریف نے مزید بتایاکہ پنجاب میں پچھلے آٹھ سال میں جونئیر پر کام کررہے ہیں۔ گراس روٹ کو آباد کرنا ہے تاکہ پاکستان کا نام روشن ہو۔
میری پہلی کوشش ہے کہ پنجاب کے ڈومیسٹک سٹرکچر کو مضبوط کیا جائے۔ رشید ملک نے کہا کہ ایونٹ میں انڈر 6، انڈر 8،انڈر 10، انڈر 12، انڈر 14، انڈر 16 اور انڈر 18 کی کیٹگریز کے علاوہ مین سنگلز اور ڈبلز، ویمن سنگلز اور سینئر کیٹگری کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ایونٹ سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ساف چیمپئن شپ اور ڈیوس کپ کے لئے اچھی پریکٹس ملے گی۔