مانیٹرنگ ڈیسک: شہر قائد میں خاتون کی جانب سے منت سماجت کرنے پر ڈاکوؤں نے چھینا ہوا پرس واپس کردیا اور فرار ہو گئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
لانڈھی کے علاقے میں ہونے والی واردات کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار اسٹریٹ کرمنلز خاتون کے ساتھ لوٹ مار کررہے ہیں، اس دوران خاتون کی منت سماجت اور ہاتھ جوڑنے پر لٹیروں کو رحم آ گیا اور انہوں نے خاتون سے تشدد کے بعد چھینا ہوا پرس واپس کردیا اور فرار ہوگئے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان آئے اور پیدل چلنے والی خاتون اور بچے کے سامنے موٹر سائیکل روکی اور خاتون سے پرس چھیننے کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مزاحمت کی کوشش کی۔ اس دوران ایک ڈاکو رُکا اور بیگ چھیننے کی کوشش میں خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔خاتون نے اپنا پرس اسٹریٹ کرمنل سے دُور پھینکا لیکن ڈاکو بیگ لینے میں کامیاب ہوگیا۔
اس دوران موٹر سائیکل پر سوار ڈاکوؤں کے 2 مزید ساتھی بھی واردات کے مقام پر پہنچ گئےاور عین فرار کے وقت خاتون کی جانب سے منت سماجت اور ڈاکوؤں کے سامنے ہاتھ جوڑنے پر رحم کھا کر ڈاکوؤں نے خاتون کو پرس واپس کردیا اور فرار ہو گئے۔
لوٹ مار اور چھینا جھپٹی کے دوران موٹرسائیکل سوار شہری بھی وہاں سے گزرا ، جو کہ واردات ہوتی ہوئی دیکھ کر بھاگ نکلا۔ ملزمان 40 سیکنڈ تک واردات کے لیے رُکے اور پھر فرار ہوگئے۔