یاور ذوالفقار: لاہورہائیکورٹ میں سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان کی نااہلی کے لیے انتخابی عذرداری پر سماعت، ٹربیونل نےعبدالعلیم خان کو ہر صورت جواب جمع کروانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے ناکام امیدوار رانا احسن کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عبدالعلیم خان نے الیکشن لڑتے وقت اپنے کاغذات نامزدگی میں گوشوارے چھپائے تھے، سینئر صوبائی وزیر کے خلاف ایف آئی اے میں درج مقدمہ میں انکوائری بھی زیر سماعت ہے۔
درخواست گزار وکیل نے مزید کہا کہ سینئر وزیر نے سات سو سے زائد ایکڑ اراضی پر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے، عبدالعلیم خان آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے ہیں، وکیل نے استدعا کی کہ عدالت عبدالعلیم خان کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دے اور اس حلقہ سے دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم دے۔
تمام دلائل سننے کے بعد ٹربیونل نےعبدالعلیم خان کو ہر صورت جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے الیکشن پیٹیشن پر سماعت 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔