ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی آئی کے رکن کے ساتھ ہاتھا پائی میں لیگی رکن کی گھڑی چوری ہو گئی

 پی ٹی آئی کے رکن کے ساتھ ہاتھا پائی میں لیگی رکن کی گھڑی چوری ہو گئی

سٹی42: پنجاب اسمبلی میں حکومتی پارٹی کے رکن کی گھڑی چوری ہو گئی۔ حکومتی پارٹی کے رکن کی گھڑی پی ٹی آئی کے ایک رکن کے ساتھ ہاتھا پائی کے دوران چوری ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق آج شام پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن پی ٹی آئی کے ایک  رکن چودھری اعجاز شفیع اور حکومتی پارٹی کے رکن اسمبلی بلال یامین کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔

حکومتی رکن بلال یامین اور اپوزیشن کے رکن اعجاز شفیع کے درمیان بجٹ تقریر کے دوران پہلے تلخ کلامی ہوئی اور پھر نوبت  ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

بجٹ تقریر کے دوران جب  پی ٹی آئی کے رکن  اعجاز شفیع نے وزیر اعلی مریم نواز کی جانب بڑھنے  کی کوشش کی حکومتی اراکین نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔

پی ٹی آئی کے رکن اعجاز شفیع نے پہلے سخت جملوں کا استعمال کیا اور بعد ازاں دھکم پیل کی اور ہاتھا پائی کی صورتحال پیدا ہو گئی۔

اس ہاتھا پائی کےدوران رکن اسمبلی بلال یامین کی قیمتی رولیکس گھڑی چوری ہو گئی۔

بلال یامین واقعے کا نوٹس لینے کے لیے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کو تحریری طور پر درخواست دے رہے ہیں۔

محمد بلال یامین، ایک پاکستانی سیاست دان ہیں جو 2024 سے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے رکن ہیں۔ وہ 2024 کے پاکستانی عام انتخابات میں حلقہ پی پی-6 مری سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے طور پر پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔