(عمر اسلم) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کارکنوں کے نام اہم پیغام جاری کردیا، کہتی ہیں میاں نواز شریف کو معلوم ہوا ہےکہ کارکن اُنکے حق میں احتجاج کرنا چاہتے ہیں لیکن انہوں نے ہدایت کی ہے تمام کارکن احتجاج کے بجائے اپنے اپنے علاقوں میں 23 مارچ کی تقریبات منعقد کرائیں۔
مریم اورنگزیب کے مطابق سابق وزیراعظم کا کہنا ہےکہ وہ اپنی صحت کے حوالے سے قوم کی فکرمندی پر تہہ دل سے مشکور ہیں، لیگی کارکن جن مشکل حالات میں ساتھ نبھا رہے ہیں وہ بےمثال ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کارکنوں، عوام کی محبت وخلوص، قربانیوں کا مقروض رہوں گا اور اپنے چاہنے والوں کے جذبے کی بے حد قدر کرتا ہوں۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا کہنا ہےکہ جیل کی کوٹھری میں یہ محبت اور جذبہ حوصلہ، تقویت دیتا ہے اور کارکن میری طرح اللہ تعالی کی رحیم ذات پر بھروسہ رکھیں۔ اللہ کے فضل سے میرے دامن پر کرپشن یا بدعنوانی کا کوئی داغ نہیں اور ملک کے قانون اور انصاف پر مکمل اعتماد ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق سابق وزیراعظم نے کہاکہ کارکن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کریں اور کوٹ لکھپت جیل سے آپ کی محبت اور جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔