(وقاص عظیم) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ہونیوالے اجلاس میں وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل، رکشہ اور دیگر دو، تین پہیوں والی گاڑیوں کو ہفتہ وار 500 روپے جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کو 10 دن کیلئے1,000 روپے فیول ریلیف دیا جائے گا،فیول ریلیف سکیم صرف غیر تجارتی صارفین کیلئے ہوگی،فی صارف صرف ایک گاڑی کو فیول ریلیف دیا جائے گا۔ فیول ریلیف کی شفاف فراہمی کیلئے ڈیجیٹل فیول پاس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیاہے،وزیراعظم فیول ریلیف پیکیج کیلئے75 ارب روپے کی منظوری دیدی گئی۔
ای سی سی نے پی این ایس سی کی ملکیت اور انتظامی کنٹرول کی تنظیم نو کا فریم ورک منظور کرلیا،موجودہ ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کیلئے ڈرافٹ اپ گریڈ ایگریمنٹ منظورکر لیا گیا،ریفائنری اپ گریڈیشن منصوبوں کی تکمیل کیلئے5 سال کی مدت مقررکی گئی ہے،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مالی معاملات نمٹانے کی تجویز منظورکرلی گئی۔
ای سی سی اجلاس میں 2 لاکھ میٹرک ٹن فاضل چینی برآمد کرنے کی منظوری دیدی گئی،چینی برآمد کے ساتھ مقامی قیمتوں کے استحکام کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد سے متعلق معاملہ مؤخر کردیا گیا۔
ایس سی او سربراہ اجلاس 2027 کیلئے15 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دیدی گئی،ایس سی او اجلاس کیلئے3 ارب روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دیدی گئی،پاکستان ستمبر 2027 میں اسلام آباد میں ایس سی او کونسل سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔