ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس: 2027 میں دہشتگردی کیخلاف مشترکہ معلوماتی کارروائی کرنے پر اتفاق  

شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس: 2027 میں دہشتگردی کیخلاف مشترکہ معلوماتی کارروائی کرنے پر اتفاق  
کیپشن: file photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 :  شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی کونسل کا 46واں اجلاس پاکستان کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان کے مطابق اجلاس میں بیلاروس، بھارت، ایران، قازقستان، چین، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے متعلقہ اداروں کے وفود نے شرکت کی ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں علاقائی سلامتی یقینی بنانے سے متعلق بین الاقوامی ایجنڈے کے موجودہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

کونسل نے ایران کے خلاف نئے فوجی حملوں کی مذمت کی اور اس معاملے پر شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے سے ظاہر کردہ مؤقف کی توثیق کی، کونسل نے ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی المناک وفات پر ایرانی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کیا، ایران میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے بھی اظہار تعزیت کیا گیا۔ 

کونسل نے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے مؤقف کی توثیق کی۔ کونسل نے کشیدگی میں کمی، امن کے قیام اور خطے میں استحکام یقینی بنانے کی کوششوں کی حمایت کی۔ کونسل نے دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف رکن ممالک کے متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے متعلق پہلے منظور شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی ایگزیکٹو کمیٹی اور ماہر گروپس کے اہم انسداد دہشت گردی امور سے متعلق آئندہ کے عملی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ 

رکن ممالک کے درمیان تعاون مضبوط بنانے کے لیے معلوماتی ڈھانچے کے قیام اور بہتری سے متعلق فیصلے کیے گئے۔ 2027 میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ معلوماتی کارروائی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ 

2027 میں دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے لیے انٹرنیٹ کے استعمال کی روک تھام سے متعلق عملی سیمینار منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ 2027 میں رکن ممالک کے متعلقہ اداروں کی مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ مشترکہ مشق کا مقصد دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے لیے انٹرنیٹ کے استعمال کی نشاندہی اور روک تھام ہوگا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور ایک مبصر ریاست کے درمیان دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف تعاون پر 13ویں بین الاقوامی سائنسی و عملی کانفرنس قازقستان میں منعقد ہوگی۔ 

علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سرگرمیوں کے تنظیمی اور افرادی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی سرگرمیوں اور رکن ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے میں ذاتی کردار ادا کرنے والے حکام اور ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدیداروں کو اعزازات دیے گئے۔ علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی کونسل کی صدارت پاکستان سے روس کو منتقل ہوگئی۔ کونسل کا آئندہ اجلاس علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی ایگزیکٹو کمیٹی کے دفتر تاشقند میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔