سٹی 42 : مسلح افواجِ پاکستان کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئر اسٹاف نے قوم کے نام یوم آزادی پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ مسلح افواج کی جانب سے یوم آزادی کے تاریخی موقع پر قائداعظم محمد علی جناح، بانیانِ پاکستان اور آزادی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
مسلح افواج کے مطابق بانیانِ پاکستان کا وژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے، بانیانِ پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔
مسلح افواج نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ مسلح افواج کی جانب سے غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام پیش کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات اور ہر پاکستانی کی قومی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ شہداء، غازیوں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور قوم کی بے لوث خدمات نے پاکستان کی استقامت مضبوط کی۔ قوم کی قربانیوں اور بے لوث خدمات نے پاکستان کی آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ کیا۔
پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کی حیثیت سے مسلح افواج کا مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تمام خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم برقرار ہے۔ آئین کی پاسداری اور عوام کی جانب سے سونپے گئے مقدس فریضے کو نبھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ قوم کے ساتھ متحد ہو کر مسلح افواج امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔ قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ پاکستان کی طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں ہے۔
مسلح افواج نے قوم کو اتحاد، قومی یکجہتی اور برداشت کے فروغ کا پیغام جاری کیا ہے ، جس میں پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پوری قوم کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا عزم کیا گیا۔ یوم آزادی پر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے پائیدار اصولوں سے وابستگی کی تجدید کا عزم کیا گیا۔ قومی یکجہتی مضبوط، برداشت کو فروغ اور محفوظ، مستحکم و خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کریں۔
پاکستان کی مسلح افواج زندہ باد!
پاکستان ہمیشہ پائندہ باد!