وقاص احمد، فاران یامین: لاہور میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات کی آن لائن سپلائی کا نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس اور افیون بھی برآمد کر لی گئی۔
ایس پی کینٹ کے مطابق غازی آباد پولیس نے ایس ایچ او محمد شہریار کی سربراہی میں دورانِ پٹرولنگ کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروش بوٹا اور اسلم کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ منشیات سپلائی کر رہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے اڑھائی کلو سے زائد چرس اور 500 گرام افیون برآمد ہوئی۔
ایس پی کینٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش میں دونوں ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن منشیات منگوا کر مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔
دوسری جانب سول لائن پولیس نے خفیہ اطلاع پر فین روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش فیصل محبت کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم علاقے اور گردونواح میں آن لائن آرڈرز پر منشیات سپلائی کرتا تھا۔
پولیس نے ملزم فیصل محبت کے قبضے سے 1 کلو 210 گرام چرس برآمد کر لی۔ ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لیے ونگ انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا.