گلبرگ (درنایاب) واسا کے کنٹریکٹ ملازمین کیلئے اچھی خبر، واسا کے گریڈ ایک سے گریڈ 16 تک کے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا، ایک سال اور زائد سروس کے حامل 400 ملازمین کو ریگولر کیا جائے گا۔
واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی ( واسا) کے 400 کنٹریکٹ ملازمین کو عرصہ دراز سے ریگولر نہیں کیا جا رہا تھا۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ ایک سال اور زائد سروس کے حامل ملازمین کو اب ریگولر کیا جا رہا ہے۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نے ورکنگ پیپر تیار کرلیا، اجلاس کی صدارت ڈی ایم ڈی ایف اے اینڈ آر محمد تنویر کریں گے، کمیٹی کے دوسرے ممبران میں ڈائریکٹر ایڈمن واسا محمد عرفان اور ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ شرکت کریں گے۔
دوسری جانب واسا نے رمضان المبارک میں ٹیوب ویلز چلانے کے خصوصی اوقات کار جاری کردیئے، واسا کی جانب سے عوام کی سہولت اور نمازوں کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹائم ٹیبل مرتب کیا گیا۔
ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلے دورانیے میں صبح 2:30 سے صبح 5 بجے تک پانی میسر ہوگا، دوسرا دورانیہ صبح 8 بجے سے صبح 10 بجے تک جاری رہے گا، تیسرا دورانیہ دوپہر 12 بجے سے 2 بجے تک جاری رہے گا، شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک پانی کی فراہمی میسر ہوگی۔
علاوہ ازیں واسا نے آئندہ مالی سال کا ڈویلپمنٹ پلان پنجاب حکومت کو بھی پیش کردیا، آٹھ کروڑ کی لاگت سے شوق چوک تا شوکت خانم ہسپتال سیوریج لائن بچھانے کی سکیم سمیت4 ارب 94 کروڑ 70 لاکھ مالیت کی 13سکیمیں تجویز کردی گئیں، نئی سکیموں میں مختلف ٹیوب ویلوں پر دو کیوسک کے 30 سب مرسی بَل پمپس کی تبدیلی کی سکیم پیش کی گئی ہے۔