قذافی بٹ: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ معروف امریکی جریدے کی جانب سے دہشت گرد ممالک کی فہرست میں بھارت پہلے نمبر پر آ گیا۔ اس ریٹنگ سے پاکستانی پرامن موقف کی تائید اور بھارت کا منافقانہ چہرہ بے نقاب ہوا ہے
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ بالی وڈ کے ذریعے پاکستان، ہمارے سیکیورٹی اداروں اور پوری امت مسلمہ کو دہشت گرد بنا کر پیش کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت پوری دنیا میں دہشت گردی کے فالس فلیگ آپریشنز میں پیش پیش ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈین اسٹیبلشمنٹ اور را، داعش اور ٹی ٹی پی جیسی تنظیموں کے ساتھ ملکر امت مسلمہ کو بدنام کر رہی ہے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ اور اڑی جیسے واقعات حقیقت کے برعکس صرف انڈین اسٹیبلشمنٹ کے ذہنوں کی اختراع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی جریدے نے بھارتی منافقت اور مودی سرکار کی چانکیا کی سیاست پر مہر ثبت کر دی ہے، پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور دنیا میں امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ اندرونی و بیرونی بلکہ بین الاقوامی سطح پر قیام امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔