سٹی 42: امریکا نے ایران کی قومی فٹبال ٹیم کو فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ویزے جاری کر دیے ہیں، جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس حکام نے بھی کر دی ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ایرانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو امریکا میں داخلے کے لیے درکار ویزے فراہم کر دیے گئے ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اس سے قبل ایران کے میکسیکو میں سفیر ابوالفضل پسندیدہ نے کہا تھا کہ قومی ٹیم کو تاحال امریکی ویزے موصول نہیں ہوئے۔
امریکی حکام کے مطابق ایرانی کھلاڑیوں کے ویزے راتوں رات جاری کیے گئے، جس کے بعد ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ایرانی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ایرانی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی ٹیم کے بعض تکنیکی عملے کو اب بھی امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
واضح رہے کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے گروپ جی کے پہلے میچ میں 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف لاس اینجلس میں میدان میں اترے گی۔ ایرانی ٹیم اپنا دوسرا میچ بھی لاس اینجلس میں بیلجیئم کے خلاف کھیلے گی، جبکہ گروپ مرحلے کے آخری مقابلے میں سیاٹل میں مصر کا سامنا کرے گی۔