(مانیٹرنگ ڈیسک) طلبا کیلئے اچھی خبر، وفاقی حکومت نے پہلی سے آٹھویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو عید تک بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدرات نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر( این سی او سی) کے تحت صوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم و صحت نے شرکت کی،کانفرنس میں ملک بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،کانفرنس میں عید کی چھٹیوں کے بعد امتحانات لینے پر اتفاق رائے ہوا، پہلی سے آٹھویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو عید تک بند رکھنے جبکہ نہم سے بارہویں جماعت تک کے بچوں کو پچاس فیصد حاضری کے تحت سکول بلوانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کےمطابق کانفرنس میں محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی ادارے عید تک بند رکھنے کی تجویز دی تھی، جس کی صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے مخالفت کی تھی, کانفرنس میں علما ئے کرام کی مشاورت سے رمضان المبارک کے ایس او پیز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئےشفقت محمود نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول 28 اپریل تک بندرہیں گے،نویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے 19 اپریل سے ایس او پیز کے تحت کھلیں گے،نویں اور دسویں کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں لئے جائیں گے، 28 اپریل کو کورونا صورتحال کا جائزہ لے کر دوبارہ فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث کئی پابندیاں دوبارہ نافذ کی گئی ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 42 افراد چل بسے،4 ہزار 323 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوگئی، کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.96 فی صد ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس سے 14 ہزار 821 افراد جاں بحق ہوگئے، کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 92 ہزار 231 ہوگئی ہے جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد 61 ہزار 450 اور صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار 960 ہوگئی۔