سٹی 42 : محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔
کھاریاں شہر اور مضافات میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،شیخوپورہ شہر اور مضافاتی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوارہوگیا،لالہ موسیٰ اور گرد و نواح میں بھی آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ہے،ننکانہ صاحب شہر اور گردونواح میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ہے،پتوکی ،گجرات اور گردونواح میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی اسی دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوہاٹ، کرم وزیرستان ہنگو، منڈی بہاؤالدین ، گجرات ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں آئندہ 03 سے 05 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،اس دوران ژالہ باری کا بھی امکان ہے،عوام موسم کی اس صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
لاہور میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 5 جون تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد رہا۔
دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی بدستور برقرار ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 171 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے وقت موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کی توقع ہے، تاہم آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں دوبارہ اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔