سٹی 42: محکمہ موسمیات نے آج رات اور 2 ستمبر کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ بدھ کے روز بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ درمیانی سے موسلادھار بارش کے باعث دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث مردان، صوابی، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور گجرات کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، بونیر، نوشہرہ، پشاور، صوابی، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، کوہاٹ، پارا چنار اور گردونواح میں بھی بارش کی توقع ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج دالبندین اور نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ، بھکر اور دادو میں 42 جبکہ سبی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔