روزینہ علی: این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جاری مون سون بارشوں اور بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، سکردو، گانچھے، کھرمنگ اور وادی نیلم کے علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، بونیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس گلیشیئرز، جھیلوں، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کردی۔پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کا امکان ہےاین ڈی ایم اے کے مطابق خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں 2 سے 5 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ شدید اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے۔
دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان اور پشاور میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔شدید بارش کے دوران شہری علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال، جبکہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے، حساس علاقوں میں ضروری وسائل پیشگی منتقل کرنے اور محفوظ انخلا کے انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور شہریوں کو موسمی صورتحال اور ابتدائی انتباہات سے باخبر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو نشیبی علاقوں، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں، دریاؤں اور گلیشیئرز سے آنے والے پانی کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔عوام سیلابی نالوں، زیرِ آب سڑکوں، پلوں اور تیز آبی بہاؤ کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور نہ کریں۔سیلابی پانی بظاہر کم گہرا ہو تب بھی تیز بہاؤ انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے اور انسانوں یا گاڑیوں کو بہا لے جا سکتا ہے۔
گلیشیئرز کے قریب پانی کی سطح میں اچانک اضافے، پانی کے رنگ میں غیر معمولی تبدیلی یا کسی بھی خطرناک صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دی جائے۔سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں کے رہائشی، سیاح اور مسافر دریاؤں اور ندی نالوں کے کناروں سے دور رہیں۔
این ڈی ایم اے نے سفر سے قبل موسم کی تازہ ترین پیش گوئی اور سڑکوں کی صورتحال معلوم کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور انتظامیہ کی جانب سے بند کی گئی سڑکوں پر سفر نہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک سیلاب کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔