(علی اکبر )مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کو اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں اپنے ہی لوگوں سے خطرہ ہے۔
مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نےکہا کہ ہم اتحادی ہونے کے علاوہ ساتھی بھی ہیں اور ساتھ نبھانا خوب جانتے ہیں، اتحادی ہمیشہ اتحاد اور مساوات پر یقین رکھتے ہیں، ہماری پارٹی بے شک چھوٹی ہے لیکن تجربے کے لحاظ سے ہم نے بھی دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت کی ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے ہم پاکستان تحریک انصاف کو اپنا ساتھی سمجھتے ہیں اور انہیں بھی چاہئے کہ ہمیں اپنا ساتھی سمجھیں نہ کہ دشمن۔
انہوں نے مزید کہا کہ چودھری پرویزالٰہی، طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی یا پارٹی کے کوئی بھی رکن بیان دیتے ہیں تو وہ سچائی اور حب الوطنی کی عکاسی کرتے ہیں، بعض دوست ان کا غلط مطلب نکال کر عمران خان کو کلپ دکھا کر اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، انہیں اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں اپنے ہی لوگوں سے خطرہ ہے۔
شہبازشریف کے لندن کی عدالت میں اخبار کے خلاف کیس کے متعلق کہا کہ دیکھتے ہیں کہ یہ کیس شہبازشریف کہاں تک چلاتے ہیں لیکن دنیا کے مشہور ترین اخبار دی گارڈین نے جب ہمارے خلاف غلط خبر چھاپی تو ہم نے پاکستان کے ممتاز وکلاء اعجاز بٹالوی اور محمود اے شیخ کے ذریعے لندن ہائیکورٹ کے کوئنز بنچ میں گارڈین کے خلاف مقدمہ کیا جو تین ماہ تک چلا اور ہم وہ کیس جیت گئے اس پر گارڈین اخبار نے فرنٹ پیج پر معافی نامہ نمایاں طور پر چھاپا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہ شیخ رشید کے شہبازشریف سے متعلق بیان سے یہ تاثر جاتا ہے کہ شہبازشریف کا اسٹبلشمنٹ سے کوئی تعلق ہے، چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ جو بھی آئے جائے ایک چیز یاد رکھے کہ ن لیگ کا ووٹ بینک نوازشریف کا ہے، شہبازشریف نوازشریف کے سامنے زیرو ہیں۔