ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

صادق آباد: کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، 5 ایلیٹ جوان شہید، 2 زخمی

صادق آباد: کچے کے ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، 5 ایلیٹ جوان شہید، 2 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: صادق آباد کےعلاقہ ماہی چوک کے قریب پولیس چوکی پر کچے کے ڈاکوؤں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 5 ایلیٹ جوان شہید ہوگئے جبکہ 2 جوان زخمی ہوئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق درجنوں ڈاکوؤں نے رات گئے پولیس پوسٹ پر حملہ کیا، ڈاکوؤں کے حملے کی اطلاع پر ڈی پی او عرفان علی سموں پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، مقابلے میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا، ڈاکوؤں کی جانب سے چوکی پر راکٹ لانچر بھی داغے گئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق شہدا میں محمد عرفان، محمد سلیم، خلیل احمد، غضنفر عباس، نخیل حسین شامل ہیں، شہید اہلکار 6 ماہ سے کچے میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے، شہدا کی مکمل اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائے گی۔

ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ ڈاکو ریاست اور قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتے، ڈاکوؤں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صادق آباد کے قریب پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کے حملے کی پرزور مذمت کی اور حملے میں شہید ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، پولیس جوانوں نے تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرنے والے ڈاکوؤں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، پولیس اہلکاروں نے فرض کی راہ میں جانیں نچھاور کر کے شہادت کا اعلیٰ مرتبہ پایا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف برسر پیکار پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، شہید پولیس جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔